بھٹکل:12/ڈسمبر (ایس او نیوز)بھٹکل مسلم جماعت جدہ کے فعال رکن اور ساحل آن لائن کے ڈائرکٹر قمر سعدا ہندوستانی حاجیوں کی خدمت میں سرگرم عمل انڈین پلگرم ویلفئیر فورم سعودی عرب کے جنرل سکریٹری منتخب ہو گئےہیں۔
انڈین پلگرم فورم ہندوستانی سمیت دیگر ممالک سے حج کے لئے آنے والے زائرین کو ہر طرح کی امداد پہنچانے اور ان کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں پچھلے کئی دہوں سے سرگرم عمل ہیں۔ حالات کے پیش نظر رشیدہ بیگم اور ان کے شوہر نے اس فورم کی بنیاد ڈالی تھی۔ جو بعد میں کونسلیٹ جنرل آف انڈیاکی سرپرستی اور نگرانی میں یہ کام کررہاہے۔ دو سالہ میعاد کے لئے فورم کے انتخابات ہوتے ہیں ، اگلی دوسالہ میعاد کے لئے نور رحمن شیخ کوسرپرست اورمحمد شاہد عالم کونائب سرپرست کے طورپر منتخب کیا گیا ہے تو محمد عزیز قدوائی کو صدر اور قمرسعدا کو جنرل سکریٹری منتخب کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں جنرل سکریٹری منتخب ہونے پر قمر سعدا نے کہاکہ اللہ نے حاجیوں کے خدمت کرنے کی جو توفیق بخشی ہے اللہ اس کا اہل بنائے انہوں نے اس موقع پر تمام قارئین سے دعا کی درخواست کی ہے کہ انہیں اپنے فرائض کی انجام دہی میں آسانی پیدا کرے۔ اس موقع پر ادارہ ساحل آن لائن انہیں دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارکبادی پیش کرتے ہوئے دعا کرتاہے کہ اللہ تعالیٰ ان سے بھرپور کام لے اور ہر طرح سے آسانی فراہم کرے۔